پنجاب حکومت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں جیل ٹرائل دوبارہ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں ٹرائل روکنے کی درخواست
اس فیصلے کے تحت مقدمے کی آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہونے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے جیل ٹرائل کی بحالی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے بعد مقدمے کی کارروائی ایک مرتبہ پھر جیل کے اندر ہوگی۔
اڈیالہ جیل انتظامیہ نے سماعت کے پیشِ نظر راولپنڈی پولیس کو اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مراسلہ بھی بھیج دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 15 ستمبر کو پنجاب حکومت نے اسی مقدمے کا ٹرائل اڈیالہ جیل سے عدالت منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے تحت عمران خان کو انسداد دہشتگردی کی عدالت راولپنڈی میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان واٹس ایپ پر پیش ہوئے، وکلا نے بائیکاٹ کیوں کیا؟
تاہم تازہ حکومتی فیصلے کے مطابق جیل ٹرائل کی منتقلی سے متعلق پہلا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے، جس کے بعد اب تمام کارروائی جیل کے احاطے میں ہی انجام پائے گی۔














