غزہ کی پٹی میں ایک نیا سعودی امدادی قافلہ پہنچ گیا ہے، جو غذائی پیکجز اور شیرخوار بچوں کا دودھ لے کر آیا ہے۔ یہ اقدام مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی عوام کی مدد کے لیے جاری انسانی ہمدردی کی کوششوں کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کی قدرتی حسن سے مالامال وادی رازَن سیاحت کا نیا مرکز بن گئی
سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق یہ امداد سعودی فرمانروا شاہ سلمان امدادی و انسانی مرکز (KSrelief) کی جانب سے فراہم کی گئی ہے، جس کا مقصد بچوں اور متاثرہ خاندانوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنا اور غزہ میں قحط کے پھیلاؤ کے باعث بگڑتی ہوئی غذائی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔
غزہ میں سعودی مرکز برائے ثقافت و ورثہ، جو KSrelief کا نفاذی شراکت دار ہے، نے امدادی قافلے کو وصول کیا اور متاثرہ علاقوں میں مستحق خاندانوں تک فوری تقسیم کی تیاری شروع کر دی۔
مزید پڑھیں:پاک-سعودی بڑھتی قربت، وزیراعظم شہباز اور محمد بن سلمان کی گلے ملتی تصویر نے سب کچھ بدل دیا
یہ اقدام اس مہم کا حصہ ہے جو غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے، اور یہ سعودی عرب کی جانب سے ان کی مشکلات کم کرنے اور موجودہ انسانی بحران کے اثرات کو محدود کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔














