اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ کی خستہ حالی پر شاہد آفریدی برہم، سی ڈی اے کا وضاحتی بیان جاری

منگل 7 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں ناقص سہولیات پر شدید تنقید کی ہے، جس نے کرکٹ بورڈ اور انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ کی خستہ حالی نہایت افسوسناک اور قابل تشویش ہے۔ ٹوٹی ہوئی کرسیاں، گندے اور ناقابل استعمال واش رومز۔ کیا ہمارے فرسٹ کلاس کرکٹرز، جو قومی کرکٹ کے مستقبل کی بنیاد ہیں، ایسے غیر معیاری حالات کے مستحق ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: کون سے 4 قومی کرکٹرز قائداعظم ٹرافی کے ابتدائی راؤنڈ میں ایکشن میں نظر آئیں گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملک کے اعلیٰ ترین گراؤنڈز کا یہ حال ہے تو نچلی سطح پر کرکٹ کو کیا پیغام دیا جا رہا ہے؟ ملکی سطح کرکٹ میں اس قسم کی غفلت اور لاپروائی انتہائی شرمناک ہے۔

اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے سی ڈی نے موقف اپنایا کہ جو تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں وہ پرانی ہیں اور موجودہ زمینی حقائق کی درست عکاسی نہیں کرتیں۔ یہ معاملہ بظاہر عوام کو گمراہ کرنے کی ایک منظم کوشش ہے، جو اس وقت سامنے آئی ہے جب ڈائریکٹوریٹ نے غیر قانونی قابضین کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈائمنڈ گراؤنڈ کا اصل مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب ڈائریکٹوریٹ نے گراؤنڈ کو غیر قانونی قبضے سے واگزار کرایا۔ وہاں ایک کمرشل اکیڈمی بغیر اجازت کام کر رہی تھی اور گراؤنڈ کو غیر قانونی طور پر کرائے پر دیا جا رہا تھا۔ اس سنگین خلاف ورزی کے پیشِ نظر، ڈائریکٹوریٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ معاملہ مکمل تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھیجا جائے۔ ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی، جو عوامی اثاثوں کے تحفظ کے ہمارے عزم کا مظہر ہے۔

سی ڈی اے نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پرانی تصاویر کا پھیلاؤ اُن مخصوص عناصر کی طرف سے کیا گیا ہے جن کے غیر قانونی تجارتی مفادات ہماری قانونی کارروائی سے متاثر ہوئے ہیں۔ ایسے گمراہ کن اور جعلی مواد کی اشاعت کو ہم نہایت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’کتے بھونکیں تو انہیں جواب نہیں دینا چاہیے‘، شاہد آفریدی کا تنقید کرنے والوں کو جواب

اس پروپیگنڈہ مہم سے پہلے ہی سی ڈی اے اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ نے ڈائمنڈ گراؤنڈ کی بحالی کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کر لیا تھا۔ اس مقصد کے لیے فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں اور بحالی کا کام شفاف اور کھلے ٹینڈر کے ذریعے مکمل کیا جائے گا تاکہ معیار اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ہمارا مقصد ایک اعلیٰ معیار کی اسپورٹس سہولت کو کمیونٹی کے لیے بحال کرنا ہے۔

آخر میں انہوں نے کاہ کہ ہم عوامی مفاد کے تحفظ اور کھیلوں کی سہولیات کو تمام شہریوں کے فائدے کے لیے برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp