یوکرین کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک بھارتی شہری کو گرفتار کیا ہے جو روسی فوج کے لیے جنگ لڑ رہا تھا۔ بھارت نے اس اطلاع کی باضابطہ تصدیق سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معاملے کی جانچ کر رہا ہے۔
یوکرینی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت مجوتی ساحل محمد حسین کے طور پر ہوئی ہے، جو گجرات کے موربی ضلع کا رہائشی بتایا جا رہا ہے اور اس کی عمر 22 سال ہے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ وہ اس رپورٹ کی صداقت معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یوکرین کی جانب سے انہیں ابھی تک کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یوکرین کی فوجی ویڈیو میں حسین کا انکشاف
یوکرین کی 63ویں میکانائزڈ بریگیڈ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں حسین کو قید میں دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں حسین کا کہنا ہے کہ وہ روس میں تعلیم حاصل کرنے گیا تھا، لیکن منشیات کے مقدمے میں اسے 7 سال قید کی سزا دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ دورانِ قید، روسی حکام نے انہیں فوج میں شامل ہونے کی پیشکش کی جس کے بدلے ان کی سزا معاف کی جا سکتی تھی۔ انہوں نے یہ پیشکش قبول کر لی۔
یہ بھی پڑھیے چین کے کرائے کے فوجی بھی ہمارے خلاف جنگ میں حصہ لے رہے ہیں، یوکرین
’میں جیل میں نہیں رہنا چاہتا تھا، اس لیے روسی فوج کے ساتھ ’خصوصی فوجی آپریشن‘ کے لیے معاہدہ کر لیا مگر بعد میں مجھے وہاں سے نکلنا تھا۔‘
حسین کے مطابق، اسے روسی فوج نے صرف 16 دن کی تربیت دی، اور یکم اکتوبر کو اسے پہلی جنگی کارروائی میں بھیج دیا گیا۔
3 دن لڑنے کے بعد، ایک کمانڈر سے جھگڑے کے نتیجے میں حسین نے یوکرینی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔
’میں ایک یوکرینی مورچے کے قریب پہنچا، اپنی بندوق زمین پر رکھ دی اور کہا کہ میں لڑنا نہیں چاہتا، بس مدد چاہیے۔‘
روس میں غیر ملکیوں کی بھرتی کا سلسلہ
یہ خبر اس وقت سامنے آئی ہے جب کئی رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ روس نے بھارت، شمالی کوریا اور دیگر ممالک کے شہریوں کو مالی لالچ دے کر فوج میں بھرتی کیا ہے۔ حسین کا کہنا ہے کہ اسے بھی پیسے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر کوئی ادائیگی نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے روس یوکرین جنگ: روسی فوجی تیزی سے ایڈز کا شکار ہونے لگے، ہولناک اسباب کا انکشاف
’میں روس واپس نہیں جانا چاہتا۔ وہاں سچ نہیں ہے، کچھ بھی نہیں۔ بہتر ہے میں یہیں جیل میں رہوں۔‘
بھارتی وزارتِ خارجہ کا مؤقف
بھارت نے پہلے بھی اس معاملے پر روس سے شدید احتجاج کیا تھا۔ جنوری 2025 میں وزارتِ خارجہ نے بتایا تھا کہ روسی فوج میں بھیجے گئے 12 بھارتی شہری یوکرین میں ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ 16 لاپتا ہیں۔
بھارت نے ماسکو سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھارتی شہریوں کی فوری رہائی اور ان کی محفوظ واپسی کو یقینی بنائے۔













