میرپورماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طفیل رند قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے جب کہ ان کے ہمراہ موجود بھتیجی خوف سے دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق طفیل رند پر جروار روڈ، مسواہ میں فائرنگ کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق وہ بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لیے جا رہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
یہ بھی پڑھیں:نوشہرہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے صحافی قتل
لاش کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال میرپورماتھیلو منتقل کیا گیا اور پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق حملے میں طفیل رند کی بھتیجی بھی زخمی ہوئی، جو 8 سالہ بچی تھی اور فائرنگ کے دوران موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہوئی تھی۔

بچی کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور ایم ایس ڈاکٹر سرفراز شاہ کے مطابق اس کے زخم معمولی نوعیت کے تھے، طبی امداد کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا۔ طفیل رند اپنے 2 بچوں اور بھتیجی کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے۔
اس واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ نے غم و افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ صحافیوں پر حملے آزادی صحافت پر حملے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خضدار: یوم صحافت پر صحافی قتل، کیا مولانا صدیق مینگل کو کوئی تھریٹ تھا؟
سینیئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے بھی صحافی طفیل رند کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے اور ایسے واقعات برداشت نہیں کیے جا سکتے جو اظہار رائے کی آزادی پر حملہ ہوں۔













