پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما ندیم افضل چن نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی معلومات کے مطابق سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ نہیں بنیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹا دیا، سہیل آفریدی نئے قائد ایوان نامزد
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن اپنا نمائندہ ضرور پیش کرے گی اور کوئی سرپرائز بھی ممکن ہے، کیونکہ آنے والے دو دن خیبرپختونخوا کے سیاسی منظرنامے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے اور جمعرات کو اپنا استعفیٰ گورنر کو ارسال کر دیں گے۔
گورنر استعفیٰ کی سمری پر 48 گھنٹوں کے اندر دستخط کر کے اسے منظور کریں گے۔ استعفیٰ منظور ہونے کے بعد خیبرپختونخوا کی کابینہ بھی تحلیل ہو جائے گی۔ اس کے بعد پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا جہاں نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی کی توثیق کی جائے گی۔
اسپیکر کی جانب سے اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا تاکہ نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہو سکے، جس میں امیدوار کو اپنی اکثریت ثابت کرنی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کا وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان
خیبرپختونخوا اسمبلی میں کل 145 ارکان ہیں، جن میں سے اکثریت حاصل کرنے کے لیے کم از کم 73 ارکان کی حمایت ضروری ہوگی۔ فی الحال پاکستان تحریک انصاف کو 90 سے زائد ارکان کی اکثریت حاصل ہے۔