سعودی عرب نے بدھ کے روز انڈونیشیا کو 2-3 سے شکست دے کر 2026 فیفا ورلڈ کپ فائنلز کے لیے اپنی راہ ہموار کر لی۔ الاہلی کے کھلاڑی صالح ابو الشامات کے خوبصورت گول اور فِراس البریکان کے 2 گولوں نے ٹیم کو قیمتی کامیابی دلائی۔
کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم، جدہ میں کھیلے گئے ایشیائی کوالیفائرز کے چوتھے راؤنڈ کے اس پہلے میچ میں سعودی ٹیم کو ابتدا میں دھچکا لگا جب 11ویں منٹ میں حسن تمباکتی کے ہاتھ سے گیند لگنے پر انڈونیشیا کو پنالٹی ملی۔ کیون ڈکس نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔
ابتدائی گول کے بعد سعودی شائقین میں تشویش پیدا ہوئی، کیونکہ ٹیم نے پچھلے مرحلے کے 10 میچوں میں صرف 7 گول کیے تھے۔ تاہم، صرف 6 منٹ بعد سعودی عرب نے شاندار انداز میں برابری حاصل کر لی۔ مصعب الجویر کے خوبصورت پاس پر صالح ابو الشامات نے دفاعی کھلاڑی کو چکمہ دیتے ہوئے بائیں پاؤں سے گیند کو نیچے کے کونے میں پھینک دیا۔
یہ بھی پڑھیے کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، دنیا کے پہلے ارب پتی فٹبالر بن گئے
پہلے ہاف کے اختتام سے 10 منٹ قبل سعودی عرب کو پنالٹی ملی جسے فِراس البریکان نے گول میں تبدیل کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔
میچ کے دوسرے ہاف میں سعودی ٹیم نے تیسرے گول کے لیے دباؤ برقرار رکھا، جو بالآخر 61ویں منٹ میں حاصل ہوا۔ الجویر کے طویل فاصلے سے مارے گئے شاٹ کو گول کیپر مارٹن پیس نے روکا مگر ریباؤنڈ پر موجود البریکان نے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔
انڈونیشیا نے میچ کے آخری لمحات میں ایک اور پنالٹی حاصل کی جسے کیون ڈکس نے 89ویں منٹ میں گول میں بدل دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’سعودی عرب اب میرا گھر ہے‘، رونالڈو
میچ کے اختتام پر سعودی ٹیم نے محمد کنو کے ریڈ کارڈ کے باوجود 9 منٹ کے اضافی وقت میں برتری برقرار رکھی اور قیمتی فتح اپنے نام کی۔
اب سعودی عرب منگل کے روز عراق کا سامنا کرے گا۔ اس میچ میں کامیابی انہیں باضابطہ طور پر 2026 ورلڈ کپ کے فائنلز میں پہنچا دے گی، جبکہ ایک پوائنٹ بھی ان کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
گروپ بی کا اگلا میچ ہفتے کو عراق اور انڈونیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ گروپ بی کی فاتح ٹیم براہِ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرے گی، جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم گروپ اے (قطر، عمان، اور یو اے ای) کی رنر اپ کے ساتھ پلے آف کھیلے گی۔