9 مئی کے احتجاج میں ’نامعلوم افراد‘نے جلاؤ گھیراؤ کیا: تحریک انصاف

منگل 16 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ملک بھر کے تنظیمی ذمہ داروں کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں موجودہ سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا۔

اعلامیہ جاری کرتے ہوئے فرخ حبیب نے بتایا کہ اجلاس نے عمران خان کے اسلام آباد ہائی کورٹ سے اغوا کی شدید مذمت کی ہے۔ اب عمران خان کو نا اہل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

تحریک انصاف نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاج کے دوران انتشار کرنے میں نامعلوم افراد شامل تھے جن کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں اور اس حوالے سے شواہد بھی سامنے آ گئے ہیں۔

تحریک انصاف کو دہشت گرد تنظیم بنا کر پیش کیا جا رہا ہے

پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تحریک انصاف کو ایک دہشت گرد تنظیم بنا کر پیش کرنے کی سازش کی گئی جو قابل مذمت ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا مگر اس وقت بھی ہم نے کوئی انتشار نہیں کیا۔ عمران خان کے گھر کے دروازے توڑے گئے مگر پھر بھی ہمارے چیئرمین نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ آپ پُر امن رہیں۔

اجلاس کے شرکا نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی خواتین جو پر امن احتجاج کر رہی تھیں ان پر تشدد کیا گیا اور اب ہمارے کچھ کارکنان جن میں خواتین بھی شامل ہیں کو حبس بے جا میں رکھا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق جن پولیس افسران اور اہلکاروں نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا ان کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے۔

فرخ حبیب نے اعلامیے میں بتایا کہ عمران خان جمعرات 18 مئی سے مریدکے سے اپنے جلسوں کا آغاز کر رہے ہیں۔ ان جلسوں کا دائرہ کار مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

اجلاس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دی تھی جس پر عملدر آمد نہیں کیا گیا۔ آئین توڑنے کے اس اقدام پر بھی قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کو مشکلات سے نکالنے کا واحد راستہ صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔

عمران خان کی ٹکٹ ہولڈرز کو گرفتاری سے بچنے کی ہدایت

قبل ازیں عمران کی زیر صدارت ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس ہوا جس میں 22 کے قریب امیدواران اسمبلی شریک تھے۔

اجلاس میں عمران خان نے ٹکٹ ہولڈرز سے کہا کہ پولیس سے زرا بچ کر رہو یہ پولیس کسی اور کے حکم پر اس وقت گرفتاریاں کر رہی ہے۔ ہر ٹکٹ ہولڈر اپنی مدد آپ کے تحت احتیاط کرے۔ پارٹی اس وقت مشکل حالات سے گزررہی ہے۔ ہمیں محتاط طریقے سے چلنا ہوگا۔

ہمیں پاور شوز کرنے پڑیں گے

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے ایک ٹکٹ ہولڈر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جلسوں کی ہدایت کی ہے۔ پہلا جلسہ مریدکے میں جمعرات کے روز کیا جائے گا اور پھر اس طرح پورے پنجاب میں جلسے کیے جائیں گے۔ عمران خان نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ مقامی قیادت بھر پور طریقے سے جلسوں کی تیاریاں کرے ہمیں پاور شو کرنے پڑیں گے۔

مقامی قیادت گرفتار کارکنوں کو قانونی مدد فراہم کرے

عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی ہدایت کی کہ جس جس حلقے میں 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے ان کی رہائی کے لیے مقامی قیادت بھرپور اقدامات کرے اور گرفتار کارکنوں کو قانونی مدد فراہم کی جائے۔ ہمارے کارکنان جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp