جناح اسٹیڈیم میں جمعرات کے روز ہونے والا 2027 اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز کا تیسرا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
مزید پڑھیں: ایشین فٹبال کپ کوالیفائرز 2027 سے پاکستان کے باہر ہونے کا خدشہ
پاکستانی ٹیم نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پہلے ہاف کے دوران متعدد حملے کیے مگر افغان دفاعی لائن کی مستعدی نے کسی بھی موقعے کو گول میں تبدیل ہونے سے روکے رکھا۔
پاکستان کو سب سے سنہری موقع کھیل کے 67 ویں منٹ میں اس وقت ملا جب انہیں پینلٹی ملی مگر اوٹس خان اس موقعے کو گول میں بدلنے میں ناکام رہے جس کے باعث اسکور بورڈ پر کوئی تبدیلی نہ آسکی۔
فیصلہ کن گول کا موقع ضائع ہونے کے افسوس کے باوجود میچ کے اختتام پر پاکستانی شائقین نے دونوں ٹیموں کی جانب سے سخت مقابلے اور جذبے سے بھرپور کھیل کو خوب سراہا گیا۔
پاکستان کے لیے گروپ ’ای‘ میں یہ میچ ایک مشکل مہم کا حصہ ہے جس کا آغاز لگاتار 2 شکستوں سے ہوا۔
مزید پڑھیے: ویمنز اولمپک فٹبال کوالیفائر : پاکستان نے تاجکستان کو 0-1 سے شکست دے دی
25 مارچ کو پاکستان نے سعودی عرب کے پرنس عبداللہ بن جلاوی اسٹیڈیم میں شام کے خلاف ابتدائی میچ کھیلا جہاں شام نے 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں احمد فاقہ نے 23ویں منٹ میں گول کیا تھا جس پر عمر السومہ نے 56ویں منٹ میں دوسرا گول داغا تھا۔
10 جون کو پاکستان نے میانمار کے تھوونا اسٹیڈیم، یانگون میں دوسرا میچ کھیلا جہاں تھان پائنگ کے 42 ویں منٹ میں کیے گئے فری کِک گول نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
پاکستان نے آخری لمحات میں برابری کی بھرپور کوشش کی لیکن میانمار کی گیند پر گرفت کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکا۔
افغانستان کے خلاف اس حالیہ ڈرا کے بعد پاکستان اب اگلے میچ کے لیے کویت کا رخ کرے گا جہاں 14 اکتوبر کو ایک بار پھر انہی حریفوں کے خلاف میدان میں اترے گا۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں فٹبال کی تاریخ کا بہترین ورلڈ کپ ہوگا، رونالڈو
واضح رہے کہ ہر گروپ کی ٹاپ ٹیم سنہ 2027 میں سعودی عرب میں ہونے والے اے ایف سی ایشین کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرے گی۔