سعودی اتھارٹی آف اکریڈیٹڈ ویلیوئرز (تقدیم) نے اعلان کیا ہے کہ انٹرنیشنل ویلیوایشن اسٹینڈرڈز کونسل (آئی وی ایس سی) کا علاقائی دفتر ریاض میں باضابطہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی میڈیا ریگولیشن اتھارٹی نے نئے قواعد و ضوابط وضع کردیے
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں اعلیٰ معیار کے ویلیوایشن اسٹینڈرڈز کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
نیا دفتر نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے خطے میں ویلیوایشن کے شعبے کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اس اقدام کو تقدیم کی مکمل حمایت حاصل ہے، جو آئی وی ایس سی کا تزویراتی شراکت دار اور بنیادی سرپرست بھی ہے۔
علاقائی سطح پر اہم پیشرفت
ریاض میں آئی وی اسی سی کا نیا دفتر مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں کونسل کی موجودگی کو مضبوط بنائے گا، جس کے ذریعے علاقائی اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کو فروغ دیا جائے گا، انٹرنیشنل ویلیوایشن اسٹینڈرڈز کو اپنانے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور سرمایہ کاری، مالیاتی رپورٹنگ، پالیسی سازی اور کیپٹل مارکیٹس میں شفاف اور آزاد ویلیوایشن کو فروغ دیا جائے گا۔
قیادت کے خیالات
تقدیم کے سی ای او انجینیئر فیصل المندیل نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تقدیم کو فخر ہے کہ اس نے آئی وی ایس سی کے ساتھ مل کر ریاض میں علاقائی دفتر کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیے: سعودی عرب اور 12 ممالک کا بڑا اعلان: فلسطینی اتھارٹی کے لیے ہنگامی مالیاتی اتحاد قائم
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جو ویلیوایشن کے شعبے کو عالمی معیار کے مطابق آگے بڑھانے اور معیشت میں اعتماد، سرمایہ کاری اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے وقف ہیں۔
آئی وی اسی سی کے سی ای او نکولس ٹالبوٹ نے کہا کہ ہمیں ریاض میں اپنا علاقائی دفتر کھولنے پر خوشی ہے جو اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ مشرق وسطیٰ اور افریقہ عالمی ویلیوایشن منظرنامے میں بڑھتی ہوئی اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تقدیم کی مضبوط حمایت کے ساتھ، ہم شفاف اور مستقل ویلیوایشن کے عالمی مشن کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
بین الاقوامی تعاون کا نیا باب
ریاض میں یہ دفتر عالمی سطح پر ایک ایسے ویلیوایشن پروفیشن کے قیام کی جانب ایک قدم ہے جو شفافیت، اصولوں پر مبنی اسٹینڈرڈز اور بین الاقوامی مشاورت کی بنیاد پر قائم ہو۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وفد کی ملاقات، باہمی تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ
یہ دفتر نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے خطے میں ویلیوایشن کی صنعت کو مستحکم بنانے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے اور معاشی پالیسی سازی میں ویلیوایشن کے کردار کو مزید اجاگر کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔