نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے جمعرات کے روز امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے دفترِ خارجہ میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتِ حال، اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان کے توانائی، اہم معدنیات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 received U.S. Chargé d’Affaires Natalie Baker today.
The Deputy Prime Minister/Foreign Minister noted with satisfaction the positive momentum in Pak–U.S. relations through recent high-level exchanges,… pic.twitter.com/KnbMn31nb2
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 9, 2025
اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے پاکستان کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی۔
سینیٹر اسحٰق ڈار نے حالیہ اعلیٰ سطحی روابط—بشمول نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی ملاقاتوں کو پاکستان اور امریکا کے مابین تعلقات میں مثبت پیش رفت قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کے پاکستان میں اہم معدنیات پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
دوسری جانب، 26 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی امریکا کو پسنی پورٹ ٹرمینل میں سرمایہ کاری کی پیشکش
اس ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے زراعت، ٹیکنالوجی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر زور دیا تھا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں حالیہ گرمجوشی سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کے ایک نئے دور کے آغاز کی توقع کی جا رہی ہے۔