عقیل کریم ڈھیڈی کس کا اہم پیغام لیکر زمان پارک پہنچے؟

بدھ 17 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی کل رات گئے زمان پارک پہنچے تو عمران خان پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کر رہے تھے۔ جیسے ہی انہیں اے کے ڈی گروپ کے چیئرمین کی آمد کی اطلاع ملی تو انہوں نے اجلاس ختم کر کے عقیل کریم ڈھیڈی سے خصوصی ملاقات کی۔

یہ ملاقات اس وجہ سے بھی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ عقیل کریم ڈھیڈی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی خواہش کی تھی۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وہ کسی طاقتور شخصیت کا پیغام لیکر عمران خان کے پاس آئے تھے۔

پیغام میں امن کی پیش کش کی گئی

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عقیل کریم ڈھیڈی نے عمران خان سے ملاقات میں کہا کہ جلاؤ گھیراؤ اور لڑائی جھگڑے کی فضا کو ختم کریں، ایک میز پر بیٹھیں اور ملکی معاملات میں سنجیدگی دکھائیں۔ سیاست میں دشمنی کی حد تک جانا عقل مندی نہیں ہے بات چیت سے معاملات حل کیے جائیں۔

معیشت پر گفتگو

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے عمران خان سے ملکی معیشت پر بھی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ملک میں اس وقت افرا تفری کے ماحول سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے اور مزید ہوگا، جسے کنٹرول کرنا ہوگا، بصورت دیگر نا قابل تلافی نقصان ہوگا۔ذرائع کا دعوٰی ہے کہ عمران خان بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن وہ ’لیول پلیئنگ فیلڈ‘ مانگ رہے ہیں۔

تاجر برداری عمران خان سے ملاقات کی خواہاں

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق ملک کی تمام تاجر برداری ملک میں استحکام کی خاطر عمران خان سے ملاقات کی خواہاں ہے، مگر عمران خان کا سب کو ایک ہی پیغام ہے کہ ’لیول پلیئنگ فیلڈ‘ دیتے ہوئے ملک میں نئے انتخابات کا انعقاد کروایا جائے تو مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp