واٹس ایپ نے اپنے تازہ ترین بیٹا اپ ڈیٹ میں نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت صارفین اب اپنے فیس بک پروفائل کا لنک واٹس ایپ پروفائل پر شامل کر سکتے ہیں۔ اس فیچر کا مقصد میٹا کے پلیٹ فارمز کے درمیان رابطہ مزید آسان بنانا ہے۔
بیٹا ورژن میں شامل اس فیچر کے ذریعے صارف اپنے واٹس ایپ پروفائل پر فیس بک لنک جوڑ سکتے ہیں، جو ان تمام افراد کو نظر آئے گا جو ان کا پروفائل دیکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے آئی او ایس صارفین کے لیے کالز ہب فیچر لانچ کردیا
یہ لنک میٹا اکاؤنٹس سینٹر کے ذریعے تصدیق شدہ ہوگا تاکہ واضح ہو سکے کہ دونوں پروفائلز ایک ہی شخص کے ہیں۔ تصدیق شدہ لنک کے ساتھ ایک چھوٹا بیج ظاہر ہوگا، جبکہ غیر تصدیق شدہ لنک مکمل یو آر ایل کی صورت میں دکھائی دے گا۔
فیچر کو فعال کرنے کے لیے صارفین Settings > Privacy > Links میں جا کر اپنی مرضی کے مطابق لنک کی نمائش کو کنٹرول کرسکتے ہیں۔ صارف یہ طے کر سکتے ہیں کہ لنک سب کو دکھایا جائے، صرف منتخب رابطوں کو یا مکمل طور پر نجی رکھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے اسٹیٹس شیئرنگ کے لیے نئے فیچرز متعارف کروا دیے
یہ اپ ڈیٹ اس سے قبل متعارف کرائے گئے ان فیچرز کے تسلسل میں ہے جن کے ذریعے صارفین انسٹاگرام پروفائلز کو جوڑنے اور واٹس ایپ اسٹیٹس کو براہِ راست انسٹاگرام پر شیئر کرنے کی سہولت حاصل کر چکے ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ فیچر محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم توقع ہے کہ آزمائش مکمل ہونے کے بعد جلد ہی تمام واٹس ایپ صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔