وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جاتی امرا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور صدر نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملکی اور خارجی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ’ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر حد تک جائے گا‘، صدر اور وزیراعظم کا افغان جارحیت پر سخت ردِعمل
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم نے نواز شریف کو اپنے حالیہ دورہ ملائیشیا کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔
شہباز شریف نے گفتگو کے دوران بتایا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات خاص طور پر معاشی میدان میں نمایاں طور پر مضبوط ہو رہے ہیں اور باہمی تعاون نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے اپنے آئندہ دورہ مصر کے حوالے سے بھی نواز شریف کو بریفنگ دی۔
علاوہ ازیں شرکا نے افغانستان کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے مؤثر اور بھرپور ردعمل کو سراہا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیاکہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہے۔