تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاج اور ٹرانسپورٹ نظام میں تعطل کے باعث لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں سبزیوں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہو گیا ہے، جب کہ ٹماٹر 500 روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔
لاہور کی مارکیٹوں میں سبزیوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں،چند روز قبل 300 روپے فی کلو فروخت ہونے والا ٹماٹر اب 500 روپے میں دستیاب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ایل پی کے احتجاج سے ملکی معیشت کو کتنا نقصان پہنچا؟
دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بند گوبھی 120 سے بڑھ کر 300 روپے فی کلو، کھیرا 80 سے 140، شلجم 150 سے 300، میتھی 200 سے 400، اور پھلیاں 200 سے بڑھ کر 300 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہیں۔ اسی طرح مونگرے 80 روپے پاؤ سے بڑھ کر 120 روپے پاؤ اور ٹینڈے و کیا کدو 320 روپے فی کلو تک جا پہنچے ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ احتجاجی دھرنوں اور سڑکوں کی بندش کے باعث سبزیوں کی ترسیل متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں منڈیوں میں قلت اور قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ایل پی کارکنان کا پولیس وین پر قبضہ، سرکاری بس پر حملہ
شہریوں نے مہنگائی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قیمتوں پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، اور اب سبزیاں خریدنا بھی عوام کے لیے مشکل بنتا جا رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مؤثر اقدامات کرے تاکہ سبزیوں کی قیمتوں میں کمی لائی جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔














