سعودی عرب کے مختلف حصوں میں موسمیاتی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جہاں تیز ہواؤں اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاض میں ہوائیں 40 سے 49 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جس سے افقی دید متاثر ہو رہی ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن کے علاقوں طائف، أضم، اور بنی یزید میں ہلکی سے معتدل بارش اور گرج چمک کا امکان ہے جو رات 8 بجے تک جاری رہ سکتا ہے۔
مشرقی ریجن میں حفر الباطن سمیت کئی اضلاع کے لیے زرد اور نارنجی الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں تیز ہواؤں اور درمیانی بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ بادل پھٹنے اور ژالہ باری کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
عسیر ریجن کے شہروں ابہا اور خمیس مشیط میں ہلکی و درمیانی بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ الباحہ میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے شہریوں سے احتیاط برتنے اور نشیبی علاقوں سے گریز کی ہدایت کی ہے۔













