گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی گورنر ہاؤس پشاور پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ آج شام نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے عہدے کا حلف لیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے پہلے استعفے میں کئی ابہام تھے، پہلا استعفیٰ تاخیر سے موصول ہوا جبکہ دوسرا پہلے پہنچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبرپختونخوا کل شام 4 بجے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں، پشاور ہائیکورٹ کا حکم
انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی کو 90 ووٹ حاصل ہوئے اور وہ ایوان کا اعتماد رکھتے ہیں، اسی بنیاد پر ان سے حلف لیا جائے گا، عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ہدایت کی تھی کہ وہ فوراً پشاور جا کر آئینی ذمہ داری نبھائیں۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے فیصل کریم کنڈی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ گورنر صاحب آپ کو اب خیبرپختونخوا روانہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ انہیں اپنا جہاز فراہم کریں تاکہ یہ بروقت پشاور پہنچ سکیں۔
گورنرصاحب آپ خیبر پختونخوا پہنچیں میں وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کروں گا کہ وہ اپنا جہاز گورنر صاحب کو دے دیں تاکہ یہ کے پی میں جاکر اپنی آئِینی ذمہ داری پوری کریں ، بلاول بھٹو زرداری pic.twitter.com/Ab1JN1fSI2
— WE News (@WENewsPk) October 14, 2025
بعد ازاں فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین کے احکامات پر فوری عمل کرتے ہوئے پشاور روانگی کی تیاری کرلی۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی حلف لینے سے انکار نہیں کیا، وہ آئینی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ ان کے مطابق جواب عدالت میں جمع کروا دیا گیا ہے اور وہ آج رات ہر حال میں پشاور پہنچ جائیں گے۔
گورنر نے وضاحت کی کہ ان کے پاس ذاتی طیارہ نہیں، اسی لیے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنا جہاز فراہم کریں۔ ایک سوال کے جواب میں مسکراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے کان میں ہونے والی باتیں ظاہر نہیں کرسکتا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ ہفتے پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر استعفیٰ دیا تھا، تاہم گورنر نے تاحال اس استعفے کی منظوری نہیں دی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی نے سہیل آفریدی کو نئے وزیراعلیٰ کے طور پر منتخب کرلیا ہے، لیکن اپوزیشن نے اس انتخاب کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کارروائی کا بائیکاٹ اور عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل کریم کنڈی سہیل آفریدی سے حلف لیں گے یا نہیں؟ گورنر خیبرپختونخوا نے بتا دیا
پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے گورنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ 15 اکتوبر کی شام 4 بجے تک سہیل آفریدی سے حلف لیں، بصورتِ دیگر اسپیکر اسمبلی حلف برداری کی کارروائی مکمل کریں گے۔













