پاکستان کے سینئر فلمی اداکار اور ماضی کے معروف ولن مصطفیٰ قریشی کراچی میں صبح کی سیر کے دوران سڑک کی خستہ حالی کا شکار ہو گئے۔ ٹوٹی ہوئی سڑک پر پاؤں پھسلنے کے باعث وہ زمین پر گر پڑے اور ان کی ٹانگ میں فریکچر ہو گیا۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب مصطفیٰ قریشی، جو روزانہ صبح کی سیر کا معمول رکھتے ہیں، شہر کے ایک علاقے میں پیدل چل رہے تھے کہ اچانک ان کا پاؤں کھدی ہوئی اور ناہموار سڑک میں پھنس گیا۔ گرنے سے ان کا سر بھی زمین سے ٹکرایا، تاہم خوش قسمتی سے ان کی آنکھ محفوظ رہی، البتہ ٹانگ میں شدید چوٹ آئی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کی سڑکوں پر سفر، اب زندگی اور موت کا کھیل کیوں بن گیا؟
حادثے کے بعد ایک بیان میں مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ میں سڑک کے ایک ٹوٹے ہوئے حصے میں پھنس کر پھسل گیا۔ سر زمین سے ٹکرایا آنکھ بچ گئی، لیکن ٹانگ ٹوٹ گئی۔
انہوں نے کراچی کی ناقص سڑکوں اور بنیادی انفراسٹرکچر پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اُن لوگوں کو عقل دے جو کراچی کی سڑکیں بنانے اور ٹھیک کرنے کے ذمہ دار ہیں۔













