9مئی کے واقعات پر عامر کیانی نے پی ٹی آئی چھوڑ دی، سیاست سے بھی دستبردار

بدھ 17 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی نے کہا ہے ادارے ملکی بقا کے لیے انتہائی اہم ہیں موجودہ صورت حال میں سیاست نہیں کر سکتا اس لیے تحریک انصاف کے عہدوں اور بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو رہا ہوں جبکہ سیاست سے بھی کنارہ کشی کا اعلان کرتا ہوں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات پر مجھے ذاتی طور پر دکھ ہوا۔ مجھ پر بھی دہشت گردی کے 8 سے 9 پرچے درج ہیں۔ جہاں تک ہو سکا پارٹی کے لیے کام کرتا رہا۔

عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ ہمارے خاندان کے اکثر لوگ فوج میں ہیں۔ میں نے اپنے سیاسی کیریئر کے دوران نہ صرف فوج بلکہ کسی بھی ادارے کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ ہو گیا ہے کہ میں زمان پارک میں کسی بھی میٹنگ میں شرکت کے لیے نہیں گیا۔ افواج پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں کیوں کہ ہماری افواج کے جوان وطن عزیز کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔

عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ ادارے ریاست کا حصہ ہیں۔ سیاسی پارٹیاں اقتدار میں آتی بھی ہیں اور چلی بھی جاتی ہیں۔ عمران خان خود بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ ادارے ملکی بقا کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں سب سے پہلے افواج کو ہٹ کیا گیا۔ جی ایچ کیو، کور کمانڈر لاہور سمیت دیگر املاک پر حملے ہولناک تھے۔

اس وقت پاکستان انتہائی مشکلات کا شکار ہے

عامر محمود نے کہا کہ اس وقت پاکستان انتہائی مشکلات میں ہے۔ سرحدوں پر بھی لڑائی ہے اور اگر ملک میں ایسی صورت حال بنائی جائے گی تو پھر کیا بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی سیاست کے 27 سال تحریک انصاف کو دیے مگر حالات ایسے بنا دیے گئے ہیں کہ میں سیاست سے ہی کنارہ کشی کا اعلان کرتا ہوں۔

عامر محمود کیانی نے کہا کہ ہم سیاسی لڑائی ضرور لڑیں لیکن اداروں کے ساتھ لڑائی بد نصیبی ہے جو ملک کی بقا پر حملہ ہے۔ جب بھی مشکل پڑی ہماری افواج کے جوانوں نے قربانیاں دیں۔

ملکی معیشت کو سنبھالنے پر پی ڈی ایم کا شکر گزار ہوں

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت اس وقت مشکل میں ہے۔ پی ڈی ایم کا شکر گزار ہوں جو حالات کو سنبھال رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں تحریک انصاف کے عہدے اور بنیادی رکنیت سے دستبردار ہو رہا ہوں۔ میں اس قسم کی سیاست کا حصہ نہیں بن سکتا جس میں پاکستان پر آنچ آئے۔ اس وقت پاکستان میں کوئی سیاسی جماعت ایسی نہیں جو ایک ادارہ ہو۔

عامر محمود نے کہا کہ مجھ پر جتنے مقدمات ہوئے ہیں ان میں ضمانتیں لی ہوئی ہیں۔ اب میں اپنے طور پر لوگوں کی جو خدمت کر سکا وہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرا نام اس وقت ای سی ایل میں ہے۔ میں موجودہ حکومت سمیت سب کو چیلنج کرتا ہوں کہ تحقیق کر لیں میری کوئی پراپرٹی یا کاروبار ملک سے باہر نہیں جو کچھ ہے اسی ملک میں ہے۔

عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ 2 سال پہلے میرے خلاف جو کھاتا کھولا گیا تھا وہ کلیئر ہو کر ختم ہو گیا ہے اور اس وقت ملک پر کوئی پریشر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا قد عمران خان جتنا نہیں لیکن ذہن میں رکھ لیں کہ ہماری طاقت ہمارے ملک کے ادارے ہی ہیں ہمیں ان کو سپورٹ کرنا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp