وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی اور رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان کے باجوڑ میں واقع گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کردیا، حملے میں گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق پولیس اسکواڈ کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا، حکام کے مطابق یہ مبارک زیب خان کے گھر پر تیسرا حملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق ایم پی اے لیاقت علی پر حملہ آور ملزمان گرفتار، سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مبارک زیب خان سمیت ان کے اہل خانہ کی خیریت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں پر حملے جمہوریت اور آئین کی روح کے منافی ہیں۔
ایاز صادق نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے اور شفاف و غیر جانبدارانہ تحقیقات یقینی بنائی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوشکی: پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، ایک پولیس اہلکار شہید
انہوں نے متاثرہ خاندان کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، اسپیکر نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور ان کے اہل خانہ کی سیکیورٹی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
ہمیں معاشرے میں برداشت، رواداری اور جمہوری اقدار کو فروغ دینا ہوگا، ریاست ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائے جو انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔












