نواز شریف سے اداکار جاوید شیخ کی پہلی ملاقات کا واقعہ

بدھ 17 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی اداکار جاوید شیخ کا کہنا ہے کہ انہیں سیاست پر نظر رکھنے کا شوق ہے اور وہ سیاست کی ہر خبر پر نظر رکھتے ہیں اور ہر سیاست دان سے ان کی جان پہچان ہے۔

پاکستانی اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسرجاوید شیخ نے حال ہی میں دیے جانے والے انٹرویو میں سیاست کے حوالے سے سوال پوچھے جانے پرانہوں نے مختلف سیاست دانوں نوازشریف، آصف علی زرداری، عمران خان اور پرویز مشرف کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان کی جان پہچان ہر سیاست دان سے ہے اور ہر سیاست دان نے انہیں عزت دی۔

انہوں نے کہا کہ ان سب سیاست دانوں کے ساتھ ان کی قریبی دوستی تھی۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ انہوں نے مل کر شوکت خانم پسپتال کے لیے بہت کام بھی کیا۔

سینیئر اداکار نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے پہلی ملاقات کا واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ1995 میں وہ اپنی پہلی فلم مشکل کے گانے کی شوٹنگ کے لیے بھوربن میں موجود تھے۔ نواز شریف وہاں کسی کانفرنس کے سلسلے میں موجود تھے اور وہاں ان کا لنچ تھا۔

جاوید شیخ نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران میں انہیں ایک آدمی نے آکر کہا کہ نواز شریف آئے ہیں تو آپ آجائیں میں آپ کی ملاقات کرواتا ہوں۔

اداکار نے کہا کہ میں شوٹنگ میں مصروف تھا تو میں نے نواز شریف کو ملنے کی دعوت دی۔

68سالہ اداکار نے بتایا کہ ایک گھنٹے کے بعد نواز شریف کی طرف سے ایک آدمی آیا اور کہا کہ میاں صاحب نے آپ کو لنچ پر بلایا ہے کیونکہ وہ تکنیکی طور پر خود نہیں آسکتے۔

اداکار نے بتایا کہ اس ملاقات کے بعد ان سے دوستی بڑھ گئی اور اکثر کرکٹ میچ وغیرہ میں ان کی ملاقات نواز شریف سے ہو جایا کرتی تھی۔

جاوید شیخ نے بتایا کہ وہ عید پر نواز شریف سے ماڈل ٹاؤن جا کر ملا کرتے تھے۔ نواز شریف بڑی عزت کے ساتھ سب کچھ  چھوڑ کر انہیں بٹھاتے تھے۔

اداکار نے بتایا کہ نواز شریف اتنا مصروف رہنے کے بعد بھی ان کے والد کے انتقال پر دعا کے لیے آئے اور یہ ایک بہت بڑی بات تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp