ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز اور کیوبن نژاد ہسپانوی اداکارہ آنا دے آرمس نے 9 ماہ سے بھی کم عرصے کے بعد اپنی راہیں جدا کر لی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، دونوں اداکار ایک مشترکہ فلم پر کام کرنے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم ان کے درمیان علیحدگی کی اطلاعات نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، جوڑے نے باہمی رضامندی سے تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور اب وہ صرف دوستی کا تعلق ہی قائم رکھنا چاہتے ہیں۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میں پہلے جیسے محبت باقی نہیں رہی تھی جس کے باعث دونوں نے علیحدگی کو بہتر راستہ سمجھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’ٹام کروز نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں نے کبھی بھی اپنے تعلقات کی باقاعدہ طور پر تصدیق نہیں کی، لیکن انہیں مئی میں سابق انگلش فٹبالر ڈیوڈ بیکہم کی 50 ویں سالگرہ کی تقریب میں ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد ان کے درمیان قربتوں کی خبریں گردش کرنے لگیں۔
یاد رہے کہ ٹام کروز اس سے قبل تین شادیاں کر چکے ہیں۔ ان کی پہلی شادی 1987 میں اداکارہ میمی راجرز سے ہوئی، جس کے بعد انہوں نے نکول کڈمین اور پھر کیٹی ہومز سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا فیصلہ کیا۔














