بالی ووڈ فلم ’دنگل‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے اپنے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے مداحوں کو حیران کر دیا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک کیرول پوسٹ کی جس میں 2 تصاویر شامل تھیں۔ پہلی تصویر میں زائرہ نکاح نامہ پر دستخط کرتی نظر آرہی ہیں، ان کے ہاتھ پر خوبصورت مہندی کے نقش واضح ہیں۔ دوسری تصویر میں زائرہ اور ان کے شوہر چاندنی رات میں چاند کی طرف دیکھتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ’دنگل گرل‘ سوہانی 19 برس کی عمر میں چل بسیں، عامر خان کی آنکھیں نم ہو گئیں
اداکارہ نے اپنے نکاح کی تقریب سے زیادہ تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم جو جھلک انہوں نے شیئر کی اُس میں وہ سرخ رنگ کے بھاری کڑھائی والے دوپٹے میں ملبوس دکھائی دیں جبکہ اُن کے دلہا نے کریم رنگ کی شیروانی زیب تن کی۔
زائرہ وسیم نے 2016 میں عامر خان کی سپورٹس ڈرامہ فلم ’دنگل‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اس فلم میں گیتا پھوگٹ کے کم عمری کے کردار کے لیے اُنہیں نیشنل فلم ایوارڈ برائے بہترین معاون اداکارہ سے نوازا گیا۔
2019 میں زائرہ نے اداکاری سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلمی شعبہ اُن کے ایمان اور مذہبی عقائد سے مطابقت نہیں رکھتا۔ اُن کی آخری فلم ’دی اسکائے اِز پنک‘ تھی جس میں پریانکا چوپڑا، فرحان اختر اور روحیت سراف نے بھی کام کیا۔














