وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اختلافات بھلا کر مل کر کام کرنا ہوگا، اس وقت تمام معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، جبکہ سفارتی میدان میں بھی کامیابیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔
جہانیاں میں سیاسی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو بے شمار چیلنجز درپیش تھے، جس کے باعث ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی معیشت کے لیے اچھی خبر، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا
انہوں نے کہاکہ ڈیڑھ سال میں ہم ملک کو دیوالیہ ہونے کے خطرات سے نکال کر معاشی استحکام کی طرف لے آئے ہیں، جو ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ افواج پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی ہے، معرکہ حق میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا، جبکہ ایئر فورس کے چیف اور شاہینوں نے کامیابی کے جھنڈے گاڑھے۔
وزیراعظم نے کہاکہ چند روز قبل اللہ نے پاکستان کو سفارتی سطح پر بھی عظیم فتح سے نوازا ہے، حال ہی میں ہم جب سعودی عرب گئے تو اس سے قبل کبھی کسی کا ایسا استقبال نہیں ہوا جیسے ہمارا کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں جس شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے وہ قیامت تک نہیں بھولے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ پاکستان ملکی معیشت کے لیے اہم کیوں ہے؟
انہوں نے مزید کہاکہ مریم نواز پنجاب میں بہت محنت کررہی ہیں، ہر طرف ترقی ہو رہی ہے، صوبے میں ٹرانسپورٹ کا جال بچھا دیا گیا ہے۔













