پاکستان اور افغانستان کے درمیان طویل تناؤ کے بعد بالآخر جنگ بندی (سیز فائر) پر معاہدہ طے پا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک نے ایک دوسرے کی سرزمین کے احترام اور دہشت گردی کے خاتمے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کی تصدیق اور اظہارِ تشکر
پاکستانی وفد کے سربراہ اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بیان میں تصدیق کی کہ سیز فائر معاہدہ طے پا چکا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے مابین سیز فائر کا معاہدہ طے پاگیا۔ پاکستان کی سرزمین پہ افغانستان سے دھشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند ھوگا۔ دونوں ھمسایہ ملک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے الحمدوللہ
25اکتوبر کو استنبول میں دوبارہ وفود میں ملاقات ھو گی۔ اور تفصیلی معاملات بات ھوگی۔… pic.twitter.com/OKNbRuXEPU— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) October 18, 2025
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے دہشتگردی کا سلسلہ فی الفور بند ہوگا، اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کریں گے۔
خواجہ آصف نے مزید بتایا کہ 25 اکتوبر کو استنبول میں وفود کے درمیان ایک اور ملاقات ہوگی، جس میں معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ ہم قطر اور ترکیہ کے برادرانہ کردار کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
دوحہ مذاکرات کی تفصیلات
گزشتہ روز قطر کے انٹیلی جنس چیف عبداللہ بن محمد الخلیفہ کی میزبانی میں مذاکرات کا پہلا دور دوحہ میں مکمل ہوا۔
پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی جبکہ سیکیورٹی حکام نے ان کی معاونت کی۔ افغان وفد کی قیادت وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے کی۔