بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کے باڈی گارڈ پر لائسنس اور ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ممبئی ٹریفک پولیس نے بدھ کے روز چالان جاری کیا جس میں انوشکا شرما کے باڈی گارڈ کو بغیر ہیلمٹ سواری کرنے اور لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے پر 10,500 روپے کا جرمانہ لگایا گیا ہے۔
Challan has been issued under Sec 129/194(D), Sec 5/180 & Sec 3(1)181 MV act to the driver along with an fine of Rs. 10500 & been paid by the offender. https://t.co/aLp6JEstLO pic.twitter.com/Br0ByHZk4T
— Mumbai Traffic Police (@MTPHereToHelp) May 16, 2023
یاد رہے کہ پیر کے روز انوشکا شرما کو ممبئی کی ایک چھوٹی سڑک پر روڈ بلاک کا سامنا کرنے کے بعد موٹر سائیکل پر اپنے باڈی گارڈ کے ساتھ سواری کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
مذکورہ ویڈیو آن لائن شیئر اور وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے ان سے ہیلمٹ نہ پہننے پر سوال کیا۔ اس کے 2 دن بعد ممبئی ٹریفک پولیس نے انوشکا شرما کے باڈی گارڈ سونو شیخ کے خلاف چالان جاری کیا۔
انوشکا اور ان کے باڈی گارڈ دونوں نے ہیلمٹ نہیں پہنا تھا جس پر ممبئی ٹریفک پولیس نے اس کی تصاویر پوسٹ کیں اور ساتھ ہی متعلقہ سیکشنز کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ڈرائیور کو چالان جاری کیا گیا ہے۔
بھارت میں ہیلمٹ کے بغیر سواری کرنے کا جرمانہ 500 روپے ہے جبکہ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے پر جرمانہ تقریباً 10 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
یہ کارروائی ایک ٹوئٹر صارف کی شکایت پر کی گئی جنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں اداکارہ اور باڈی گارڈ کی جانب سے سواری کے دوران ہلیمٹ استعمال نہ کرنے کی نشاندہی کی تھی۔
یاد رہے کہ انوشکا شرما کے علاوہ سینیئر اداکار امیتابھ بچن بھی ممبئی کے ٹریفک جام میں پھنس جانے کے باعث کام پر وقت پر پہنچنے کے لیے بائیک پر سواری کرتے ہوئے دکھائی دیے۔
سوشل میڈیا پردونوں اداکاروں کی ہیلمٹ پہنے بغیر موٹر سائیکل سواری کی تصویریں شیئر ہونے کے بعد صارفین نےممبئی پولیس کو بھی ٹیگ کیا تھا تا کہ انہیں بھی اس کے بارے میں مطلع کیا جا سکے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے جس موٹر سائیکل پر سواری کی تھی اسے چلانے والے کے خلاف بھی ایک ہزار روپے کا چالان کاٹا گیا ہے۔