ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے چائلڈ پورنوگرافی مواد شیئر کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں دیگر شہروں سے جنسی ہراسگی اور مالیاتی فراڈ میں ملوث ملزمان بھی گرفتار کیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مندرہ کے رہائشی ملزم جعفر حسین کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا اور اس کے موبائل سے چائلڈ پورنوگرافی مواد برآمد کر لیا گیا۔
دریں اثنا سائبر کرائم سرکل ملتان نے جنسی ہراسگی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ فیصل عباس نامی شخص نے مبینہ طور پر ایک خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز واٹس ایپ کے ذریعے شئیر کیں۔
اسلام آباد میں ایک کارروائی کے دوران مالیاتی فراڈ میں ملوث غیر ملکی کو سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے گرفتار کرلیا۔ نائجریا سے تعلق رکھنے والے ملزم ابیکوی افینیائیچکوو مبینہ طور پر خود کو جعلی رفاعی ادارے کا نمائندہ ظاہر کرتا تھا۔
ابیکوی پر یہ بھی الزام ہے کہ اس نے دہوکہ دہی کرتے ہوئے ڈونیشن کے نام پر شکایت کنندہ سے 10 لاکھ 18 ہزار روپے ہتھیائے۔
ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے موبائل فونز کو قبضے میں لےکر فرانزک کے لیے بھجوادیے ہیں اور ان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔