آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے ایک اہم انتظامی اقدام کے تحت ریاست بھر میں مقیم تمام افغان مہاجرین کو 18 نومبر 2025 تک ملک بدر کرنے کا حتمی حکم جاری کردیا ہے۔
اس سلسلے میں دفترِ انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کی جانب سے تمام ضلعی پولیس افسران کو باضابطہ ہدایات پر مبنی سرکلر ارسال کیا گیا ہے۔
افغان مہاجرین کا آزاد کشمیر سے انخلاء،،
۔18 نومبر کی ڈیڈ لائن دے دی گئی۔18 نومبر کے بعد جس علاقے میں افغان مہاجرین کا انخلاء مکمل نہیں ہو گا اس تھانہ کے ایس ایچ او اور سپیشل برانچ کے ایریا آفیسر کو ملازمت سے برخاست کر دیا جائے گا انسپکٹر جنرل پولیس آذاد کشمیر کا نوٹیفکیشن جاری. pic.twitter.com/2A5N4gguOj— Shoukat ali khokhar (@shoukatkhokher) October 20, 2025
سرکلر میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں موجود افغان شہریوں کی وطن واپسی کے لیے 18 نومبر آخری تاریخ ہوگی۔ اس کے بعد کسی بھی افغان باشندے کو آزاد کشمیر کی حدود میں غیر قانونی قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور ڈیپورٹیشن کا عمل ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔
آئی جی پولیس نے تمام ایس ایس پیز اور ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس عمل کو مکمل کرکے مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کریں۔ سرکلر کے مطابق ہر ضلع کا پولیس سربراہ ڈیپورٹیشن آپریشن کی براہ راست نگرانی کا ذمہ دار ہوگا۔
حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیڈ لائن کے بعد اگر کسی افغان شہری کو آزاد کشمیر کے کسی بھی علاقے میں مقیم پایا گیا تو متعلقہ ایس ایچ او، پناہ دینے والے شہری اور نگران افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں نوکری سے برخاستگی سمیت دیگر قانونی اقدامات شامل ہوں گے۔
دستاویز میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ تمام ضلعی پولیس افسران سہ ماہی بنیاد پر ڈیپورٹیشن کی پیش رفت رپورٹ آئی جی کے دفتر بھجوانے کے پابند ہوں گے تاکہ اس پورے عمل کی مؤثر نگرانی ممکن ہو۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس کی کارروائی، افغان مہاجرین کے خالی کیے گئے گھر مسمار کردیے
اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ آزاد کشمیر سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے مکمل اخراج کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
تمام اضلاع کے پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی حدود میں موجود افغان شہریوں کی شناخت، تصدیق اور وطن واپسی کے انتظامات بروقت مکمل کریں۔














