ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو واضح کر دیا ہے کہ ایشیا کپ ٹرافی وصول کرنے کے لیے انہیں دبئی آنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ کے صدر نے اے سی سی کے صدر محسن نقوی کو خط لکھ کر ٹرافی سے متعلق استفسار کیا تھا۔ جواب میں اے سی سی نے آگاہ کیا کہ بھارت نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی سے ٹرافی وصول کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ کی ٹرافی اس وقت کہاں ہے اور انڈیا کو کیسے مل سکتی ہے؟
یاد رہے کہ دبئی میں حالیہ اجلاس کے دوران بی سی سی آئی نمائندے نے ٹرافی دینے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر محسن نقوی نے مؤقف اختیار کیا کہ فائنل کے وقت ٹرافی لینے سے بھارتی ٹیم نے خود انکار کیا تھا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اب اگر بھارتی ٹیم کو ٹرافی چاہیے تو اے سی سی دفتر آکر وصول کرے یا باقاعدہ تقریب منعقد کرے۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ تنازع، اب جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کیسے ملے گی؟
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے دوران بھارتی ٹیم کے غیر اخلاقی رویے پر سابق کھلاڑی کپل دیو اور روی شاستری نے بھی تنقید کی تھی، اور کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے پر زور دیا تھا۔