بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت بلٹ پروف گاڑیاں لینے سے انکار کر رہی ہے تو انہیں بلوچستان حکومت کے حوالے کر دیا جائے تاکہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔
سرفراز بگٹی نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا کی طرح بلوچستان بھی دہشتگردی سے متاثر ہے، اگر وہاں یہ گاڑیاں استعمال نہیں ہو رہیں تو ہمیں دی جائیں تاکہ ہم اپنے اہلکاروں کو بہتر تحفظ فراہم کر سکیں۔
مزید پڑھیں: ‘اپنی گاڑیاں واپس لے لو’، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاق کو یہ پیغام کیوں دیا؟
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑیوں کو ’ناقص‘ قرار دیتے ہوئے انہیں واپس کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کی ’تضحیک‘ ہیں، انہیں واپس کیا جائے۔
خیبرپختونخواہ کی طرح بلوچستان بھی دہشت گردی سے متاثر ہے۔ وزیر داخلہ @MohsinNaqvi42 سے درخواست ہے کہ اگر خیبرپختونخواہ حکومت بلٹ پروف گاڑیاں لینے سے انکار کر رہی ہے تو انہیں حکومت بلوچستان کو منتقل کر دیا جائے تاکہ دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کیا جاسکے ۔
— Sarfraz Bugti (@PakSarfrazbugti) October 21, 2025
دوسری جانب وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خیبر پختونخوا حکومت کے فیصلے کو ’غیرسنجیدہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلٹ پروف گاڑیاں وزیراعظم کی ہدایت پر دی گئیں، مگر صوبائی حکومت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: طلال چوہدری نے کے پی حکومت کی جانب سے بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کا فیصلہ بچکانہ قرار دیدیا
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بدلنے سے دہشتگردی کے خلاف آپریشن نہیں رکے گا۔ خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کو سمجھنا چاہیے کہ یہ جنگ پورے ملک کی ہے، سیاست نہیں ہونی چاہیے۔














