قومی احتساب بیورو نے شہریوں کو ہاؤسنگ اسکیموں کے ذریعے فراڈ سے بچانے کے لیے اہم اقدام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی وقار احمد چوہان کی صدارت میں ایک خصوصی اجلاس راوالپنڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوام کو منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں اور ان میں موجود پلاٹس کی قانونی حیثیت سے آگاہ کرنے کے لیے آن لائن پورٹل کے قیام پر تفصیلی غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آر ڈی اے کی 8 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کارروائی
ڈی جی نیب نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ہاؤسنگ اسکیموں میں شفافیت اور عوامی معلومات تک آسان رسائی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پورٹل کے ذریعے عوام کو ہاؤسنگ اسکیموں کے بارے میں مستند معلومات حاصل ہوں گی، جس سے فراڈ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ممکن ہوسکے گی۔
ڈی جی نیب نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ پورٹل کے لیے درکار متعلقہ ڈیٹا فوری طور پر فراہم کریں تاکہ اس کے انضمام اور فعالیت کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی کی 70 فیصد ہاؤسنگ سوسائٹیز غیر قانونی قرار، کون کون سی بڑی سوسائٹیز شامل؟
مزید برآں انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ ہفتے ایک فالو اپ اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ پورٹل کے مجوزہ فریم ورک کو مزید بہتر اور جامع بنایا جا سکے، تاکہ یہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی ضروریات پوری کرے اور عوام کے لیے استعمال میں آسان ہو۔
اجلاس میں نیب، سی ڈی اے اور آر ڈی اے کے آئی ٹی شعبوں کے سربراہان سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔














