امریکا نے اپنے طیارہ بردار بحری بیڑے یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ کیریئر اسٹرائیک گروپ کو کیریبین سمندر کی جانب روانہ کر دیا ہے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث جہازوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا وینزویلا سے آنے والی کشتی پر حملے، 11 منشیات فروشوں کی ہلاکت کا دعویٰ
امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز کے مطابق یہ بحری بیڑا اس وقت بحیرۂ روم میں موجود ہے اور اس کے ساتھ تین تباہ کن جنگی جہاز (ڈسٹرائرز) بھی شامل ہیں۔
پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے کہا کہ جنوبی کمان کے علاقے میں امریکی افواج کی موجودگی میں اضافہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے اور امریکا و مغربی نصف کرہ کی سلامتی کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔

ان کے مطابق یہ فورسز منشیات کی اسمگلنگ اور بین الاقوامی مجرمانہ گروہوں کی سرگرمیوں کو کمزور کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کریں گی۔
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے تصدیق کی کہ یہ اسٹرائیک گروپ ایک ہفتے میں بحرِ اوقیانوس عبور کرکے کیریبین پہنچ جائے گا، جہاں اس کی تعیناتی سے امریکی بحری موجودگی تقریباً دوگنی ہو جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی افواج نے حال ہی میں ایک رات کے وقت فضائی حملہ کیا جس میں ایک کشتی کو نشانہ بنایا گیا جو مبینہ طور پر منشیات لے جا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ، ٹرمپ نے بحری جہاز تعینات کردیے
اس کارروائی میں 6 افراد مارے گئے، جنہیں وزیرِ دفاع نے ’نارکو دہشتگرد‘ قرار دیا، جبکہ امریکی اہلکار محفوظ رہے۔
یہ حملہ رواں ہفتے ہونے والا تیسرا واقعہ تھا، جس سے پہلے ایک کارروائی وسطی امریکا کے قریب بحرالکاہل میں کی گئی۔ مجموعی طور پر اب تک دس کارروائیوں میں 43 اسمگلر مارے جا چکے ہیں۔
امریکا کی موجودہ تعیناتی میں آٹھ بحری جہاز، ایک آبدوز اور تقریباً 6,000 اہلکار شامل ہیں، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی منشیات کے خلاف مہم کا حصہ ہے۔

صدر ٹرمپ نے کانگریس کو مطلع کیا ہے کہ امریکا اب منشیات کے کارٹلز کے ساتھ براہِ راست جنگ میں مصروف ہے، جو فینٹینیل، کوکین اور میتھ ایمفیٹامائن جیسی خطرناک منشیات امریکا بھیجتے ہیں۔
ٹرمپ حکومت نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر الزام لگایا ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ سے منافع کما رہے ہیں اور امریکا کو منشیات سے بھر رہے ہیں۔
اسی تناظر میں مادورو کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات پر انعام 50 ملین ڈالر تک بڑھا دیا گیا ہے۔

امریکی میڈٰیا کے مطابق امریکی خفیہ ادارہ سی آئی اے کو وینزویلا میں کارروائیوں کی اجازت دے دی گئی ہے، جہاں وہ منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق معلومات اکٹھی کر رہا ہے، اور مستقبل میں وینزویلا کے اندر ہدفی حملوں کے امکان پر غور کیا جا رہا ہے۔













