فلسطینی حامی ہیکرز کے ایک گروہ ’الجبھہ الاسناد السائبرانیہ‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزارتِ جنگ کی مبینہ خفیہ کمپنی ’مایا‘ کے کمپیوٹر سسٹمز میں نقب لگا کر حساس دستاویزات حاصل کر لیں۔

جاری کردہ مواد کے مطابق لیک ہونے والی فائلوں میں آئرن بیم لیزر ایئر ڈیفنس، ہرمز 900 ملٹی پرپز ڈرون، اسپائک میزائل اور دیگر جاری ہتھیار سازی کے پروجیکٹس سے متعلق خفیہ معلومات شامل ہیں، اور مایا بظاہر ایلبٹ سسٹمز اور رافائل جیسی بڑی دفاعی کمپنیوں کے لیے ریسرچ و ڈیویلپمنٹ کا کام کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی فوج کے لیے دفاعی ساز و سامان تیار کرنے والی فیکٹری ہیک کر لی گئی
ہیکرز نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر کمپنی کے اندرونی سیکیورٹی کیمروں کی 3 منٹ کی فوٹیج بھی شیئر کی جس میں ہتھیاروں کی اسمبلنگ اور ٹیسٹنگ کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا ہے کہ مزید دستاویزات اور تصاویر بعد میں جاری کی جائیں گی جن سے اسرائیلی دفاعی صنعت کے اندرونی نظام کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔












