بھارت کے شہر اندور میں ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں شریک 2 آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کے ساتھ موٹر سائیکل سوار کی جانب سے نازیبا حرکت کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں:غیر ملکی خاتون سیاح کا گینگ ریپ: بھارت خواتین کے لیے غیرمحفوظ ملک بن گیا
کرکٹ آسٹریلیا نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ ٹیم کی 2 کھلاڑی جمعرات کی صبح ہوٹل سے قریب واقع ایک کیفے جا رہی تھیں جب ایک شخص موٹر سائیکل پر ان کا پیچھا کرتے ہوئے ایک کھلاڑی کو نازیبا انداز میں چھو کر فرار ہوگیا۔
🚨 INDIA NOT SAFE EVEN FOR WOMEN ATHLETES..!!
– Two Australian players were allegedly molested in Indore while walking from their hotel to a café. ( NDTV ) pic.twitter.com/CZInMwkFDe
— junaiz (@dhillow_) October 25, 2025
ٹیم کے سیکیورٹی افسر ڈینی سمنز نے فوری طور پر مقامی سیکیورٹی حکام کو اطلاع دی اور متاثرہ کھلاڑیوں کو حفاظت کے ساتھ ہوٹل واپس پہنچایا۔
پولیس کے مطابق واقعہ صبح تقریباً 11 بجے خجرانہ روڈ کے قریب پیش آیا۔ واقعے کی رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کی گئی، جس میں سی سی ٹی وی فوٹیج، ہوٹل ریکارڈ اور سیکیورٹی اہلکاروں کے بیانات کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی ریاست تریپورہ میں خاتون کی نیم جلی لاش برآمد، الزام بی جے پی رکن اسمبلی کے بھتیجے پر عائد
ایک عینی شاہد کی مدد سے موٹر سائیکل کا نمبر معلوم کیا گیا جس کی بنیاد پر ملزم، عقیل خان کو جمعے کے روز گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف ماضی میں بھی فوجداری مقدمات درج ہیں۔ اس کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 74 (خواتین کی عصمت پر حملہ) اور 78 (تعاقب یا اسٹاکنگ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ریاستی وزیر کلاش وجے ورگیہ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض بدتمیزی نہیں بلکہ بھارت کی ساکھ پر دھبہ ہے۔ ایسے واقعات کے ذمے داروں کو مثالی سزا دی جانی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی ایسا جرات نہ کرے۔
آسٹریلوی ویمن ٹیم ان دنوں اندور میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے اہم میچ کی تیاری کر رہی ہے، جو سیمی فائنل سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم کے تعین میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔













