وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں جدید پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین، سینیٹر فیصل سلیم اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے شرکت کی۔
افتتاح کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیٹلی بیکر، چوہدری سالک حسین اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے ہمراہ پیڈل ٹینس کا دوستانہ میچ بھی کھیلا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے طبی آلات کی لائسننگ اور رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کردیا
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کی تعمیر سے ڈپلومیٹک کمیونٹی کو کھیل اور تفریح کی معیاری سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی تزئین و آرائش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ڈپلومیٹک کمیونٹی کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ اسلام آباد میں ان کا قیام خوشگوار، آرام دہ اور محفوظ بنایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں شاہین چوک انڈرپاس پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ اسلام آباد کو عالمی معیار کا دارالحکومت بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل اور ثقافت نہ صرف لوگوں کو جوڑنے کا ذریعہ ہیں بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ مہمان نوازی اور خوش اخلاقی پاکستانی قوم کی پہچان ہیں، اور یہی اقدار پاکستان کو عالمی برادری میں ممتاز بناتی ہیں۔














