پیرس کے مشہور لوور میوزیم نے اپنی قیمتی شاہی جواہرات کی کلیکشن کا ایک حصہ بینک آف فرانس منتقل کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیرس: لوور میوزیم سے تاریخی تاج و جواہرات چوری، چوروں نے 7 منٹ میں واردات مکمل کی
یہ اقدام گزشتہ ہفتے ہونے والی بے باک دن دہاڑے ڈکیتی کے بعد کیا گیا، جس نے دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے عجائب گھر کی سکیورٹی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا۔

فرانسیسی ریڈیو RTL کے مطابق، اپالو گیلری میں موجود نایاب نوادرات کو جمعہ کے روز پولیس کے خفیہ پہرے میں منتقل کیا گیا۔ یہی گیلری فرانسیسی شاہی تاج کے جواہرات کی جائے نمائش ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیرس: نیچرل ہسٹری میوزیم سے 6 لاکھ یورو مالیت کے سونے کی چوری
بینک آف فرانس، جو اپنے زیرِ زمین 27 میٹر گہرے خزانوں میں ملکی سونے کے ذخائر محفوظ رکھتا ہے، لوور میوزیم سے صرف 500 میٹر کے فاصلے پر دریائے سین کے دائیں کنارے پر واقع ہے۔

یاد رہے کہ 19 اکتوبر 2025 کو چوروں نے کرین کے ذریعے میوزیم کی بالائی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہو کر 8 قیمتی نوادرات چرالیے تھے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

چور موٹرسائیکلوں پر فرار ہوگئے، جبکہ فرانسیسی ملکہ یوجینی کا تاج ان کے ہاتھ سے چھوٹ کر موقع پر ہی رہ گیا۔
اس واردات نے عالمی سطح پر شدید ردعمل پیدا کیا اور فرانس میں اسے قومی شرمندگی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں لوور کی سیکیورٹی پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔













