پاکستان کی معروف سابق ماڈل اور اداکارہ ونیزہ احمد نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کئی برس قبل ابتدائی درجے کے کینسر لمفوما میں مبتلا ہوئیں، تاہم اللہ کے فضل، دعا، قرآنِ پاک کی تلاوت اور روحانی عبادت کے ذریعے مکمل طور پر صحت یاب ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سابق اداکارہ اریج فاطمہ نے کینسر میں مبتلا ہوکر کیا محسوس کیا؟
نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے ونیزہ احمد نے بتایا کہ فیشن انڈسٹری میں اپنے عروج کے زمانے میں، جب وہ مسلسل بیرونِ ملک سفر کر رہی تھیں، انہیں شدید سر درد کی شکایت رہنے لگی، ابتدا میں ڈاکٹرز نے انہیں میننجائٹس (گردن توڑ بخار) قرار دیا، لیکن بعد ازاں تفصیلی معائنوں کے بعد معلوم ہوا کہ وہ لمفوما کے ابتدائی مرحلے میں مبتلا ہیں۔
اداکارہ کے مطابق ابتدا میں انہیں یقین ہی نہیں آیا کہ وہ کینسر جیسے مرض میں مبتلا ہوسکتی ہیں۔ ’ڈاکٹرز نے کہا کہ بیماری زیرو اسٹیج پر ہے، مگر میں بہت خوفزدہ تھی۔ پھر میں ایک روحانی خاتون کے پاس گئی جنہوں نے مجھے قرآن پاک کی سورتیں پڑھنے اور دعا کرنے کا مشورہ دیا۔‘
یہ بھی پڑھیں: کینسر میں مبتلا کشمیری اداکارہ حنا خان کو اپنے والد کی نصیحتیں یاد آگئیں
ونیزہ احمد نے بتایا کہ انہوں نے نہ تو کیموتھراپی کروائی اور نہ ہی کوئی آپریشن، بلکہ مکمل طور پر دعا، ذکر اور قرآنِ پاک کی تلاوت پر بھروسہ کیا۔ ’چند ہفتوں کے اندر میری رپورٹس صاف آگئیں اور آج الحمدللہ میں مکمل طور پر صحت مند ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ بیماری ہو یا مشکل وقت، ایمان، صبر اور دعا انسان کی سب سے بڑی قوت ہیں، اور شفا ہمیشہ اللہ کے حکم سے ہی ملتی ہے۔














