ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب کی 65 ہزار مساجد کے امام کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے وظیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ امام مسجد معاشرے کا قابل احترام اورتکریم فرد ہے، محلے میں چندہ اکٹھا کرکے امام مسجد کو ادائیگی غیر مناسب امر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امام مسجد نبوی کا مسلمانوں پر بدعات سے اجتناب اور سنت کی پیروی پر زور
انہوں ںے کہاکہ حکومت پنجاب ضروریات کے لیے امام مسجد کی معاشی معاونت کرے گی۔
اس کے علاوہ مساجد کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹس سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرلیے گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مساجد کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔
ان کی ہدایت پر رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے لیے رائے ونڈ کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرلی گئی، جبکہ خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ بھی ہو گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر رائے ونڈ اجتماع کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز کو آئمہ کرام کے پاس خود جانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پنجاب میں سائبر کرائم سیل تشکیل دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا، جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف سے امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی ملاقات
مذہبی حلقوں کی جانب سے حکومت کے اقدامات کی تحسین کی گئی ہے۔
اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب بھر میں تمام مساجد میں نماز جمعہ اور دیگر نمازیں با جماعت اداکی جارہی ہیں، مسجد اللہ تعالیٰ کا گھر ہے، اس کا تقدس برقرار رکھنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔شرپسندی کے لیے مساجد استعمال کرنے والوں کی نشاندہی ہر پرامن شہری کا فرض ہے۔














