پنجاب حکومت نے نوجوان گریجویٹس اور انٹرمیڈیٹ طلبہ کے لیے ایک شاندار موقع فراہم کرتے ہوئے انٹرن اساتذہ کے لیے 4.21 ارب روپے مالیت کا خصوصی وظیفہ پیکیج منظور کر لیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق، اس اقدام کے ذریعے صوبے بھر کے 8 ہزار سے زائد انٹرن اساتذہ کو سہولت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ کالجوں میں تدریسی تجربہ حاصل کر سکیں اور عملی میدان میں قدم جما سکیں۔
یہ بھی پڑھیے نوجوان گریجویٹس کے لیے خوشخبری، حکومت نے پیڈ انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کردیا
اعلان کے مطابق، انٹرمیڈیٹ سطح کے انٹرنز کو 7 ماہ کے لیے 55 ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا۔
جبکہ بی ایس (BS) سطح کے انٹرنز کو 10 ماہ کے لیے 65 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ ملے گا۔ پروگرام مکمل کرنے والے تمام شرکاء کو تجربہ سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے، جو ان کے پیشہ ورانہ کیریئر کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔
برابری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت نے اقلیتوں کے لیے 404 نشستیں، معذور افراد کے لیے 243 نشستیں اور خواجہ سراؤں کے لیے 40 نشستیں مخصوص کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے ٹورازم انٹرن شپ کیجیے، 60 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ لیجیے، کون اپلائی کرسکتا ہے؟
اس پروگرام کے تمام اخراجات بشمول وظیفے اور انتظامی امور کے لیے مجموعی طور پر 4.217 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق، یہ اقدام نہ صرف نوجوانوں کو تدریسی سرگرمیوں میں سرگرم رکھے گا بلکہ ان کے مالی بوجھ کو بھی کم کرے گا، تاکہ وہ اپنی مہارتوں میں بہتری اور پیشہ ورانہ ترقی پر توجہ دے سکیں۔














