چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں انڈیپنڈنٹ گروپ کی کامیابی وکلا برادری کے اتحاد، قانون کی بالادستی اور عدلیہ کے وقار کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات، عاصمہ جہانگیر گروپ کے ہارون رشید کامیاب
ایڈووکیٹ سپریم کورٹ رانا مشہود احمد نے انڈیپنڈنٹ گروپ آف لائرز کی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن انتخابات میں شاندار کامیابی پر لاہور کے مقامی ہوٹل میں تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کی میزبانی ایڈیشنل اٹارنی جنرل آف پاکستان رانا اسد اللہ نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وکلا نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام اور انصاف کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کیا ہے، اور یہ سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔
اس تقریب میں نومنتخب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہارون الرشید، پاکستان بار کونسل کے نائب چیئرمین چوہدری طاہر نصراللہ وڑائچ اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر و رکن پاکستان بار کونسل محمد احسن بھون نے خصوصی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات، امیدواروں کے لیے جاری ہدایات میں شامل نکات کونسے ہیں؟
پروقار استقبالیہ میں وکلا برادری کی نامور شخصیات بشمول پیر کلیم خورشید، زاہد اسلم اعوان، سید منظور علی گیلانی، پیر مسعود چشتی، مون ایڈووکیٹ اور وکلا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔














