پاکستان ون ڈے ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا نیا سینٹرل کنٹریکٹ سائن کرنے سے انکار کرتے ہوئے اہم سوالات بھی پوچھ لیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد رضوان نے معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل پی سی بی کے سامنے چند شرائط رکھی ہیں۔ جن میں سے ایک اہم شرط یہ ہے کہ انہیں بتایا جائے کہ انہیں ٹی20 اسکواڈ سے کیوں نکالا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم اور محمد رضوان کپتانی سے محروم کیوں ہوئے؟ سینیئر صحافی کے اہم انکشافات
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی سی بی نے محمد رضوان کے مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے اور امکان ہے کہ بورڈ ان شرائط پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے حال ہی میں 30 قومی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کی تھی، جس میں اے کیٹیگری کو ختم کر دیا گیا اور محمد رضوان کو 10 دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ بی کیٹیگری میں شامل کیا گیا تھا۔
محمد رضوان واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے تاحال معاہدے پر دستخط نہیں کیے، جبکہ باقی تمام کھلاڑی اس پر دستخط کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کامیابیاں حاصل کیں، تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران پی سی بی نے اچانک ان سے ون ڈے ٹیم کی قیادت واپس لے کر شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا فلسطین سے اظہارِ یکجہتی رضوان کی برطرفی کی وجہ بنی؟
پی سی بی کے اس فیصلے پر سابق کرکٹرز نے بھی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے محمد رضوان کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک قرار دیا ہے۔














