فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے مشہور لوو میوزیم میں ایک نہایت منظم ڈکیتی کے دوران نپولین کے عہد کے انمول شاہی زیورات چوری ہو گئے جس نے میوزیمز کی سیکیورٹی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فرانس کے شاہی زیورات کی چوری، جرمن کمپنی کے وارے نیارے ہوگئے!
یاد رہے کہ 19 اکتوبر کو کم از کم 3 نقاب پوش پیشہ ور چوروں نے لوو کے پہلی منزل پر واقع گیلری میں زبردستی داخل ہو کر قیمتی زیورات چرا لیے تھے۔ یہ کارروائی تقریباً 7 منٹ میں کی گئی جس کے دوران 8 زیورات چوری کرلیے گئے۔
چوری شدہ نو نایاب نوادرات میں ہار، بروچ اور تاج (ٹیارا) شامل ہیں جو کبھی شہنشاہ نپولین سوئم اور ملکہ یوجینی کی ملکیت تھے۔
مزید پڑھیے: فرانس: چوری ہونے والے شاہی زیورات کی مالیت کا تخمینہ لگا لیا گیا، چور تاحال آزاد
حکام ابھی واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں اور سراغ رسانی کا عمل جاری ہے، تاہم یہ واضح ہے کہ یہ چوری حالیہ برسوں کی سب سے بڑی اور دلیرانہ میوزیم ڈکیتیوں میں سے ایک ہے۔
دنیا کی دیگر مشہور عجائب گھر چوریاں
دنیا کے دیگر حصوں میں بھی چور عجائب گھروں میں بڑی بڑی وارداتیں کرچکے ہیں جو کافی مشہور ہوئیں۔
ایمسٹرڈیم (مارچ 2020)
کووِڈ 19 کے لاک ڈاؤن کے دوران ون گوگ کی پینٹنگ ’اسپرنگ گارڈن‘ سنگر لارین میوزیم سے چوری ہوئی جہاں یہ عارضی نمائش پر رکھی گئی تھی۔
ڈریسڈن، جرمنی (نومبر 2019)
چوروں نے گرین والٹ میوزیم سے 4,300 سے زائد ہیرے جواہرات پر مشتمل خزانہ چرایا جس کی مالیت تقریباً 113 ملین یورو (124 ملین ڈالر) تھی۔ زیادہ تر زیورات بعد میں برآمد کر لیے گئے۔
میڈرڈ، اسپین (مئی 2015)
مشہور مصور فرانسس بیکن کی 5 پینٹنگز، جن کی مجموعی مالیت 2.5 کروڑ ڈالر تھی، چوری ہوئیں۔ ان میں سے 2 سال بعد 3 بازیاب کرلی گئیں۔
پیرس (مئی 2010)
میوزے د آر مودرن سے پکاسو اور ماتیس سمیت 5 قیمتی فن پارے چوری ہوئے جن کی مالیت 120 ملین یورو (تقریباً 118 ملین ڈالر) تھی۔
زیورخ (فروری 2008)
بیورلے کلیکشن سے سیزان، ڈیگا، ون گوگ اور مونیٹ کی 4 پینٹنگز چوری ہوئیں جن کی مالیت 164 ملین ڈالر تھی۔ بیشتر فن پارے بعد میں بازیاب کر لیے گئے۔
ساؤ پالو، برازیل (دسمبر 2004)
چوروں نے پکاسو کی 1904 کی تخلیق ’پورٹریٹ آف سوزین‘ اور مقامی مصور کاندیدو پورٹیناری کی پینٹنگ ’دی کافی ورکر‘ چرا لی۔ دونوں فن پارے اگلے ماہ برآمد ہوئے۔
اوسلو، ناروے (اگست 2004)
مسلح ڈاکوؤں نے ایڈورڈ منچ کی مشہور پینٹنگ‘دی اسکریم‘ اور ’میڈونا‘ چرا لیں۔ دونوں پینٹنگز 2006 میں برآمد ہوئیں۔
اسکاٹ لینڈ (اگست 2003)
ڈرم لینرگ کیسل سے لیونارڈو ڈاونچی کی ’میڈونا آف دی یارن ونڈر‘ چوری ہوئی جس کی مالیت 53 ملین ڈالر تھی۔ فن پارہ 4 سال بعد برآمد ہوا۔
ایمسٹرڈیم (دسمبر 2002)
وَن گوخ میوزیم سے 2 قیمتی پینٹنگز، ہر ایک تقریباً 56 ملین ڈالر مالیت کی، چوری ہوئیں۔
مزید پڑھیں: فرانس چوری شدہ شاہی زیورات کی تلاش میں سرگرداں، اب وہ انمول خزانہ کس حال میں ہوگا؟
یہ دونوں پینٹنگز سنہ 2016 میں اٹلی کے شہر نیپلز سے بازیاب ہوئیں۔














