آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کے معاملے پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کا نام فائنل کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کی مرکزی قیادت نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کی وطن واپسی: آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کا معاملہ آخری مراحل میں داخل
ان کا نام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں فائنل کیا گیا، جس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی سینیئر قیادت بھی شریک تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے پارٹی میں 4 ناموں پر غور کیا جا رہا تھا، جن میں چوہدری یاسین، چوہدری لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور اور سردار یعقوب خان شامل تھے۔
تاہم مشاورت کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے چوہدری یاسین کے نام کی منظوری دیتے ہوئے انہیں حتمی امیدوار قرار دیا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے نئے وزیراعظم کے نام کا باقاعدہ اعلان آج رات تک متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر حکومتی تبدیلی: ن لیگ کا تحریک عدم اعتماد میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اور امکان ہے کہ کل وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی جائےگی۔














