چٹاگانگ میں کھیلے گئے بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹی20 انٹرنیشل میچ میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جب بنگلہ دیشی فاسٹ بولر تسکین احمد ایک زبردست چھکا مارنے کے فوراً بعد ہٹ وکٹ آؤٹ ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ کی تاریخ میں ہونے والے انوکھے آؤٹ
میچ کے آخری اوور میں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 17 رنز درکار تھے اور ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ گیند کررہے تھے۔ تسکین نے ایک بھرپور شاٹ کھیل کر گیند کو مڈ وکٹ باؤنڈری کے پار چھکے کے لیے روانہ کیا، تاہم خوشی کے نعرے ابھی تھمے بھی نہیں تھے کہ امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔
ری پلے میں ظاہر ہوا کہ شاٹ کھیلتے وقت تسکین کا پچھلا پاؤں اسٹمپ سے ٹکرا گیا جس سے بیلز گر گئیں، اور وہ ہٹ وکٹ آؤٹ ہوگئے۔ کرکٹ کے قانون کے مطابق چونکہ وکٹ گرنے کا لمحہ شاٹ مکمل ہونے سے پہلے ہوا، اس لیے چھکا بھی شمار نہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: میلبرن ٹیسٹ میں انوکھی تاخیر، تھرڈ امپائر لفٹ میں پھنس گئے
یہ انوکھا اور نایاب واقعہ میچ کا سب سے حیران کن موڑ بن گیا۔ معروف اسپورٹس پلیٹ فارم فین کوڈ نے اس لمحے کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’جب لگے کہ جیت گئے ہو، لیکن زندگی UNO ریورس کارڈ دکھا دے‘۔
بنگلہ دیش کی ٹیم 149 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ ویسٹ انڈیز نے 165 رنز بنا کر 16 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔













