پاکستان کے معروف گلوکار فلک شبیر نے میوزیکل شو ’پاکستان آئیڈل‘ کو اپنے تمام گانے بغیر کسی مالی یا قانونی شرط کے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
فلک شبیر نے انسٹاگرام پر جاری ایک اسٹوری میں کہا کہ وہ شو کے منتظمین کو اپنے تمام گانوں کے استعمال کی مکمل اجازت دیتے ہیں تاکہ وہ نئے اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کر سکیں اور پاکستانی موسیقی کو عالمی سطح پر فروغ دیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان آئیڈل میں سجاد علی کے گانوں پر پابندی؟ گلوکار نے اپنے بیان میں سب کچھ بتادیا
گلوکار نے مزید کہا کہ وہ ’پاکستان آئیڈل‘ کے ججز اور تمام شرکاء کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ یہ پلیٹ فارم ملک کے نوجوان فنکاروں کے لیے کامیابی کے نئے دروازے کھولے گا۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ حال ہی میں معروف گلوکار سجاد علی نے انکشاف کیا تھا کہ ’پاکستان آئیڈل‘ کی انتظامیہ نے ان کے مشہور گانوں کے استعمال کے حقوق حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا، تاہم فریقین کے درمیان مالی معاملات پر اتفاق نہ ہونے کے باعث ان کے گانوں کو شو میں شامل نہیں کیا جا سکا۔
یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان آئیڈل میں ایسے جج بیٹھے ہیں جن کا موسیقی سے تعلق نہیں‘، حمیر ارشد کی فواد خان پر تنقید
سجاد علی کے مطابق، ان کے گانے ایسے معیار کے ہیں کہ اگر کوئی امیدوار انہیں گائے تو وہ باآسانی شو جیت سکتا ہے، لیکن چونکہ شو کے پاس ان کے باضابطہ حقوق نہیں ہیں، اس لیے ان کے گانے استعمال نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فنکاروں کی تخلیقی محنت کا منصفانہ معاوضہ دینا نہایت ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان آئیڈل کے ججز پر تنقید توجہ حاصل کرنے کے لیے ہے‘، موسیقار ہارون شاہد کا حمیرا ارشد کو جواب
یاد رہے کہ اس وقت ’پاکستان آئیڈل سیزن 2‘ جاری ہے جس میں فواد خان، راحت فتح علی خان، بلال مقصود اور زیب بنگش ججز کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ شو کے شرکاء کی پرفارمنسز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اور ناظرین ان کی گلوکاری کو سراہ رہے ہیں، تاہم بعض صارفین کا کہنا ہے کہ امیدوار زیادہ تر پرانے گانے پیش کر رہے ہیں جبکہ نئے گانوں کی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔














