نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے درمیان ٹول ٹیکس کے تنازع کے باعث اسلام آباد میٹرو فیڈر بس روٹ ایف آر-10 کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ سی ڈی اے کو سنگجانی کے مقام پر این ایچ اے کی جانب سے ٹول ٹیکس عائد کیے جانے کے بعد روٹ میں تبدیلی کرنا پڑی۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج: راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس بند کرنے کا فیصلہ
ابتدائی طور پر یہ روٹ گولڑہ موڑ میٹرو اسٹیشن سے ٹیکسلا تک این-5 کے ذریعے چلایا جا رہا تھا، تاہم این ایچ اے نے ٹول فیس کے بغیر بسوں کو گزرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، جس کے بعد سی ڈی اے نے راستہ مرگلہ روڈ سے گزارنے کا فیصلہ کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق محسن نقوی نے بتایا کہ سی ڈی اے فی الوقت فیڈر سروس کے تسلسل کے لیے 50 فیصد سبسڈی فراہم کر رہا ہے تاکہ شہریوں کو سفری سہولت ملتی رہے۔
ان کے مطابق متعدد بار این ایچ اے کو برقی فیڈر بسوں کے لیے ٹول فیس میں چھوٹ دینے کی درخواست کی گئی، تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں تندوتیز ہوائیں اور بارش، کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، میٹروسروس بند
تحریری جواب میں بتایا گیا کہ ایف آر-10 روٹ پہلے 26 نمبر، ترنول، جی-15، جی-16، صفیہ روڈ، سرائے خربوزہ، ای-16، ای-17 اور سنگجانی سے ہوتا ہوا ٹیکسلا تک جاتا تھا، مگر اب متبادل راستے کے استعمال سے ان علاقوں کے رہائشی متاثر ہوئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سی ڈی اے کی کوشش ہے کہ جیسے ہی ٹول فیس کا معاملہ حل ہو، اصل روٹ بحال کیا جائے تاکہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں اور سیکٹرز کو دوبارہ مرکزی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک سے جوڑا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 26 چونگی سے ٹیکسلا تک برقی فیڈر بسوں کے لیے ٹول چھوٹ کا معاملہ باقاعدہ طور پر این ایچ اے کو ارسال کر دیا گیا ہے اور سی ڈی اے اس کے جواب کا منتظر ہے تاکہ سروس مکمل طور پر بحال کی جا سکے۔














