وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی اور نئے قائد اعوان کے نام پر مشاورت کی گئی۔
ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں آزاد کشمیر میں ممکنہ اِن ہاؤس تبدیلی سمیت سیاسی و قومی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ محسن نقوی کی بلاول بھٹو سے ملاقات، آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر بات چیت
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، خطے کی مجموعی حالات، سیکیورٹی معاملات اور پارلیمانی تعاون سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری کی اس ملاقات میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر میں نئے قائدِ ایوان کے نام پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا گیا، جبکہ یہ بھی طے کیا گیا کہ تحریکِ عدم اعتماد کب پیش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر حکومتی تبدیلی: ن لیگ کا تحریک عدم اعتماد میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان
پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے عمل میں شامل ہونے کی دعوت دی، تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تاحال کوئی واضح جواب سامنے نہیں آیا۔














