شمالی کوریا نے ہفتے کے روز جزیرہ نما کوریا کے غیر جوہری ہونے کے تصور کو ’محض ایک خواب‘ قرار دیتے ہوئے سخت مؤقف اپنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کے دورہ جنوبی کوریا سے چند گھنٹے قبل شمالی کوریا کا کروز میزائل تجربہ
امریکی میڈیا کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان اس موضوع پر بات چیت متوقع ہے۔

سیول کے صدارتی دفتر کے مطابق دونوں رہنما ہفتہ کو جنوب مشرقی شہر گیونگ جو میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) سمٹ کے موقع پر اپنی پہلی ملاقات میں جزیرہ نما کوریا کی غیر جوہری حیثیت سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

شمالی کوریا کے نائب وزیر خارجہ پاک میونگ ہو نے جنوبی کوریا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیول ہر موقع پر غیر جوہری پروگرام کا معاملہ اٹھاتا ہے، مگر اسے سمجھنا چاہیے کہ یہ محض ایک خیالی بات ہے جو کبھی حقیقت کا روپ نہیں لے سکتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی کوریا صبر و استقامت سے یہ ثابت کرے گا کہ چاہے جتنی بار بھی غیر جوہری ہونے کی بات کی جائے، یہ صرف ایک ناممکن خواب ہی رہے گا۔













