’ان فلیمز‘ کانز فلم فیسٹیول میں پیش کی جانے والی پاکستان کی دوسری بڑی فلم

جمعہ 19 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی  فلم ان فلیمز 43سالوں میں ملک کی دوسری فلم بن گئی ہےجسے فلمی دنیا کے سب سے بڑے فیسٹیول کانز کے 76ویں سالانہ میلے میں ڈائریکٹرز فورٹ نائٹ میں پیش کیا جائے گا۔

فلم کی مرکزی اداکارہ بختاور مظہر کا کہنا ہے کہ وہ بہت پرجوش اور فخر محسوس کرتی ہیں کہ وہ ان چند فنکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے کانز میں جگہ بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی سینما کے لیے بہت اچھا لمحہ ہے۔

اس فلم میں پاکستانی ماں اور اس کی بیٹی کی جدو جہد کو دکھایا گیا ہے جو پاکستانی پدرسری معاشرے میں زندہ رہنے کی کوشش کرتی ہیں۔

فلم کی شوٹنگ 2022 کے اوائل میں کراچی میں ہوئی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم میں ماں کا کردار ادا کرنے والی بختاور مظہر خود بھی پہلی بار کانز کی نمائش میں فلم دیکھیں گی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by In Flames (@inflamesmovie)

اس فلم کے ہدایت کار اور مصنف کینیڈین نژاد پاکستانی فلم ساز ضرار کاہن ہیں۔’ان فلیمز‘ دوسری پاکستانی فلم ہے جس نے ڈائریکٹرز فورٹ نائٹ میں جگہ بنائی ہے۔

ان فلیمز سے قبل جمیل دہلوی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’دی بلڈ آف حسین‘ پہلی پاکستانی فلم تھی جو1980میں اسی سیگمنٹ کے تحت کانز میں دکھائی گئی تھی۔

گزشتہ برس پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو بھی75ویں کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا۔

فلم ’جوائے لینڈ‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار علی جونیجو سندھ سے تعلق رکھنے والے پہلے اداکار تھے جن کی فلم دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے میں پیش کی گئی۔

رواں سال بختاور مظہر پلیجو پہلی سندھی اداکارہ بن گئی ہیں جن کی فلم کانز فلم فیسٹیول میں پیش  ہوگی۔

تصویر:انسٹا گرام

فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ کا کہنا ہے کہ لوگ اصل میں معنی خیز چیزوں کے لیے ڈائریکٹرز کے فورٹ نائٹ کو دیکھتے ہیں، اس میں فلموں کا انتخاب پورے پینل کے ذریعے کیا جاتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پینل نے بہت سی چھوٹی چھوٹی چیزوں پر فلم کا فیصلہ کیا ہو گا کیونکہ ہر سال انہیں دنیا بھر سے سینکڑوں انٹریز ملتی ہیں۔

کانز فلم فیسٹیول کے 76ویں سالانہ میلے کا آغاز 16 مئی سے ہوا اور یہ 27 مئی تک جاری رہے گا۔ ’ان فلیمز‘ کی پریس اسکریننگ 19مئی کو ہوگی۔ اس کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہو گا۔

’ان فلیمز‘ اداکارہ بختاور مظہر کی پہلی فیچر فلم ہے۔ انہوں نے فلم کو کانز میں جگہ بنانے پر ایک بہت بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔

بختاور مظہر نے  اداکاری میں اپنے کیریئر کا آغاز تقریباً 2 دہائیاں قبل تھیٹر سے کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp