کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ہریانہ میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے ثبوت کے طور پر ایک برازیلی ماڈل کی تصویر پیش کی۔
راہول گاندھی نے ماڈل کے بارے میں دعویٰ کیا کہ وہ مختلف ناموں سے ہریانہ میں 22 مرتبہ ووٹ ڈال چکی ہے۔
کانگریسی رہنما نے بتایا کہ اس ماڈل کی تصویر ہریانہ کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر مختلف ناموں سیما، سویٹی، سرسوتی، رشمی اور ولما کے ساتھ ووٹر فہرستوں میں موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ’مودی ٹرمپ اور امریکا سے خوفزدہ ہیں ‘، راہول گاندھی کی بھارتی وزیرِاعظم پر تنقید
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ صرف ایک غلطی نہیں بلکہ ’مرکزی سطح پر منظم آپریشن‘ کا حصہ ہے جس کا مقصد 2024 کے ہریانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج میں ہیرا پھیری کرنا تھا۔
راہول گاندھی کا کہنا تھا، یہ خاتون کون ہے؟ کہاں سے آئی ہے؟ لیکن وہ ہریانہ میں 22 بار ووٹ ڈالتی ہے، 10 مختلف بوتھوں پر، مختلف ناموں سے۔ اور پتہ چلا کہ وہ دراصل ایک برازیلی ماڈل ہے۔
راہول گاندھی نے اس موقع پر کہا کہ اگر ایسی دھاندلیاں نہ ہوتیں تو کانگریس ہریانہ کے انتخابات میں واضح برتری حاصل کرتی۔














